حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے سابق صدر سونیا گاندھی سے تلنگانہ کے کسی حلقہ سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ اس سلسلہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس میں 3 قراردادیں منظور کی گئیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ملوروی اور سی ایچ کرن کمار نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے کارکنوں کو نامزد عہدوں پر موقع دیا جائے گا۔ ملوروی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محنت کرنے والے کارکنوں کو سرکاری اداروں میں صدور نشین، ڈائرکٹر کے عہدوں پر جلد ہی تقرر کرنے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 اور 9 جنوری کو متحدہ اضلاع کے قائدین سے لوک سبھا چناؤ کی حکمت عملی پر اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ 11، 12 اور 13 جنوری کو پارلیمانی حلقوں کے انچارج وزراء اور قائدین سے مشاورت ہوگی ۔ 14 جنوری کو چیف منسٹر ڈاؤس روانہ ہوں گے اور چار دن تک قیام رہے گا۔ ڈاؤس سے واپسی کے بعد چیف منسٹر لوک سبھا کی انتخابی مہم میں مصروف ہوجائیں گے۔1