سوڈان:فریقین کے درمیان 3 روز کی جنگ بندی پر اتفاق

   

خرطوم : ایک مشترکہ سعودی۔ امریکی بیان میں گزشتہ شام اعلان کیا گیا کہ سوڈان میں تنازعہ کے دونوں فریقوں نے مقامی وقت کے مطابق آج صبح 6 بجے سے شروع ہوکر 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ جنگ بندی کی مدت کے دوران وہ نقل و حرکت اور حملوں، جنگی طیاروں یا ڈرونز کے استعمال، توپ خانے سے بمباری سے گریز کریں گے۔ اپنی پوزیشنز کو مضبوط کرنے اور دوبارہ فوجیوں کی فراہمی سے بھی گریز کریں گے۔ اس عرصہ میں پورے سوڈان میں نقل و حرکت کی آزادی اور انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دی جاتی رہے گی۔سوڈانی وزیر صحت ہیثم ابراہیم نے ہفتہ کو الحادث ٹی وی کو بتایا کہ سوڈان میں اپریل کے وسط میں شروع ہوئے تنازعہ کے بعد سے اب تک 3 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور 6 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔خرطوم کے 130 ہسپتالوں میں سے نصف اب بھی کام کر رہے ہیں اور مغربی دارفور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی سروس بند ہے۔