سوڈان میں سیاسی معاہدے کے بعد حکومت بحال

,

   

تمام سیاسی قائدین کو رہا کرنے وزیر اعظم کا اعلان‘‘سعودی عرب نے کیا خیرمقدم

خرطوم: سعودی عرب نے سوڈان کی فوج اور وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے درمیان طے پانے والے سیا سی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔وزارت خارجہ نے بیان میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ’برادر ملک سوڈان میں فریقین نے مقررہ وقت پر انتخابات کرانے اورعبوری اداروں کی بازیابی نیز آئندہ مرحلے کی ذمہ داریوں سے متعلق اتفاق رائے کرکے قابل قدر کام کیا ہے‘۔ معاہدے کے بعد سوڈان کی فوج نے برطرف وزیراعظم کو بحال کر دیا۔ میڈیا کے مطابق سوڈان میں فریقین عوامی امنگیں پوری کرنے میں مدد کیلئے ماہرین کی حکومت تشکیل دینے پر متفق ہو گئے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ملک کی تمام سیاسی طاقتوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کا تحفظ کیا جائے گا اور سیاسی و اقتصادی ثمرات کو ضائع ہونے سے بچایا جائے گا‘۔ سعودی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب سوڈان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی میں مدد دینے والے ہراقدام کا ساتھ دیتا رہا ہے۔ اب بھی دے رہا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔ اس حوالے سے سعودی عرب کا موقف غیر متزلزل ہے‘۔ فوج کے سربراہ اور وزیراعظم نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔14 نکاتی معاہدے پر خرطوم کے صدارتی محل میں دستخط کیے گئے جس کے تحت حکومت بحال اور زیر حراست سیاسی رہنماؤں کو رہا کر نا بھی شامل ہے۔