سویڈن ناٹو فوجی دستوں کیلئے اڈے قائم کرے گا

   

اسٹاک ہوم : سویڈن باضابطہ طور پر فوجی اتحاد میں شمولیت سے پہلے ہی ناٹو فوجی دستوں کیلئے اپنے یہاں اڈے قائم کرے گا۔ سویڈن کے وزیراعظم الف کرسٹرسن اور وزیر دفاع پال جانسن کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سوئیڈش مسلح افواج ناٹو کے ساتھ تیاری کرسکتی ہیں اور ناٹو ممالک بھی مستقبل میں مشترکہ آپریشن کرسکتے ہیں۔ سویڈن نے پچھلے سال ناٹو میں شمولیت کیلئے درخواست دی تھی لیکن ترکیہ اور ہنگری کی طرف سے اعتراضات کے بعد یہ معاملہ زیر التوا ہوا۔ اگلے ماہ لتھوانیا میں ناٹو سمٹ کے دوران سویڈن کو ناٹو میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ سویڈن کے وزیراعظم اور وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان تیاریوں میں عارضی طور پر غیر ملکی ساز و سامان کو ذخیرہ کرنے اور اہلکاروں کو اڈے دینا شامل ہے۔ سوئیڈش اخبار کیلئے تحریر کردہ مشترکہ مضمون میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ روس کیلئے واضح اشارہ ہے اور سویڈن کے دفاع کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں روس کو پڑوسی ممالک کیلئے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بات غیر یقینی ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن کے علاقائی مقاصد کس حد تک جاسکتے ہیں۔