سٹلائیٹ شکن مزائیل کی تیاری ڈی آر ڈی ایل کا کارنامہ

,

   

مزائیل نظام کے معمار عبدالکلام نے 1988 میں مضافاتی علاقہ میں خصوصی کیمپس قائم کیا تھا
حیدرآباد۔/27مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ادارہ برائے دفاعی تحقیق و ترویج ( ڈی آر ڈی او ) کی طرف سے آج کامیاب خلائی تجربہ کیلئے استعمال کئے گئے سٹیلائٹ شکن میزائل سسٹم کو تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں واقع دفاعی تحقیق و ترقیاتی لیباریٹری ( ڈی آر ڈی ایل ) کی طرف سے مکمل طور پر تیار کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ ہندوستانی دفاعی سائینسداں و میزائیل مین سے معروف سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے 1988 میں حیدرآباد کے مضافات میں واقع 8 کلو میٹر محیط رقبہ پر ایک دفاعی تنصیب کا کیمپس قائم کیا تھا جو ریسرچ سنٹر امارات ( آر سی آئی ) سے موسوم ہے۔ عبدالکلام کے اس ریسرچ سنٹر سے وابستہ سائینسدانوں نے یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے جس کو ’ مشن شکتی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ڈی آر ڈی او کے چیرمین ڈاکٹر ستیش ریڈی نے جو تجربہ کے وقت وھیلر آئیلینڈ پر موجود تھے کہا کہ ’’ ڈی آر ڈی او نے سٹیلائٹ شکن میزائیل ٹکنالوجی تیار کی ہے اور چند سنٹی میٹر کی حد تک ہدف پر وار کرنے کی صلاحیت حاصل کی ہے اگرچہ ہم میں مزید بلندی تک وار کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ایک ذمہ دار ملک و قوم کی حیثیت سے ہم نے نسبتاً کم بلندی پر مقررہ ہدف پر کامیابی سے وار کیا۔‘‘