سٹے کا کاروبار آشکار، تین سٹے باز گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /11 جنوری (سیاست نیوز) سٹے کے کاروبار میں ملوث تین سٹے بازوں کو ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے سٹے کی نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ پولیس کے بموجب 57 سالہ ڈی مرلی ساکن گاندھی نگر جو سٹے کا آرگنائزر ہے اپنے تین ساتھیوں رامیا مرگن ، نرسنگ راؤ اور راجیندر کی مدد سے حیدرآباد میں سٹے کا کاروبار چلارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ سٹہ آرگنائزر مرلی مدھور ،کلیان اور ممبئی سے چلائے جارہے سٹے کی بولی وصول کررہے تھے ۔ مرلی عادی سٹے باز ہے اور اسے سابق میں ماریڈپلی اور مارکٹ پولیس نے سٹے بازی کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔ ٹاسک فورس نے مرلی کے ٹھکانے پر دھاوا کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 63 ہزار نقد رقم سٹے کے چٹھیاں اور تین موبائیل فون برآمد کرلئے جبکہ راجیندر جو مرلی کا سب ایجنٹ ہے ہنوز مفرور ہے ۔