سپریم کورٹ:انتخابات کے دوران بنگال کے افسران کے تبادلے کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج

   

نئی دہلی، 16 اپریل (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعرات کو ان عرضیوں کو خارج کر دیا جن میں انتخابات کے اعلان کے بعد مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) اور انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسران کے بڑے پیمانے پر کیے گئے تبادلوں کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ فی الحال جاری اسمبلی انتخابات کے عمل کے دوران وہ الیکشن کمیشن کے ان فیصلوں میں مداخلت نہیں کرے گی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی کی بنچ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے تبصرہ کیا کہ انتخابات کے دوران ایسے تبادلے معمول کے عمل کا حصہ ہیں اور یہ کئی ریاستوں میں ہوتے ہیں۔ عدالت نے اس دعوے پر بھی غور کیا کہ مغربی بنگال کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ملک گیر اعداد و شمار کی جانچ کرنے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ یہ الزام حقائق کے اعتبار سے غلط ہے۔