نئی دہلی : سپریم کورٹ نے 1991 میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل معاملے میں سات قصورواروں میں شامل عمر قید کی سزا کاٹ رہے اے جی پیراری ولن کی رہائی کا حکم چہارشنبہ کو دیا۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ، جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس اے بوپنا کی بنچ نے آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پیراری ولن کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ بنچ نے تمام مجرموں کو معاف کرنے کیلئے تمل ناڈو کی کابینہ کی سفارش پر گورنر کی طرف سے فیصلہ لینے میں تاخیر اور مجرم کی صحت کے مسائل سے متعلق حقائق پر غور کرتے ہوئے رہائی کا فیصلہ دیا۔پیراری ولن فی الحال ضمانت پر باہر ہے ۔ سپریم کورٹ نے یہ حکم تین رکنی بنچ کی ایک رٹ پٹیشن پر سنایا۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ گورنر کیلئے کابینہ کی سفارش صدر کو بھیجنے کی کوئی آئینی بنیاد نہیں ہے ۔