نئی دہلی: ہندوستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ کا سرکاری یوٹیوب چینل ہیک کیا گیا ہے۔ چینل پر کرپٹوکرنسی،ایکس آر پی کے اشتہارات والے ویڈیو نظر آرہے ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل کا استعمال دستوری مقدمات کی سماعت کیلئے کیا جارہا ہے۔ اس میں مختلف اہم اور عوامی دلچسپی سے متعلق معاملات شامل ہوتے ہیں۔سپریم کورٹ کا یہ یوٹیوب چینل اہم مقدمات کی براہ راست نشریات کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ میں کئی اہم مقدمات اور سنگین واقعات کیساتھ کولکتہ ریپ اور قتل کی واردات کی سماعت کو بھی سپریم کورٹ کے اس یوٹیوب چینل پر راست نشر کیا گیا تھا۔ حالیہ دنوں میں کئی سرکاری اداروں کے بعد اب سائبر کرائم کے عناصر نے سپریم کورٹ کا یو ٹیوب چینل ہیک کرلیا۔