نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) سپریم کورٹ میں نئے تعینات تین ججوں نے جمعہ کو عہدے اور رازداری کا حلف اٹھایا۔چیف جسٹس بی آر گوائی نے سپریم کورٹ کمپلیکس کے ایک آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں جسٹس این وی انجاریہ، جسٹس وجے بشنوئی اور جسٹس اے ایس چندورکر کو سپریم کورٹ کے ججوں کی حیثیت سے حلف دلایا۔ ان کی حلف برداری کے ساتھ ہی سپریم کورٹ کے لئے مقررہ 34 ججوں کی تعداد مکمل ہوگئی ہے ۔حلف برداری کی تقریب میں عدالت عظمیٰ کے دیگر ججوں کے علاوہ کئی سینئر وکلاء اور معززین بھی موجود تھے ۔اس مہینے ، سپریم کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس بیلا ایم ترویدی اور جسٹس اے ایس اوکا کے ریٹائر ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں ججوں کے تین عہدے خالی ہوگئے تھے ۔جسٹس گوائی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے کالجیم نے 26 مئی 2025 کو مختلف ہائی کورٹس کے تین چیف جسٹس کو سپریم کورٹ میں جج کے عہدے پر ترقی دینے کی سفارش کی تھی۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی منظوری کے بعد، مرکزی حکومت نے جمعرات کو جسٹس انجاریہ، جسٹس بشنوئی اور جسٹس چندورکر کو سپریم کورٹ کے جج کے طورپر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔