45 کروڑ سے انڈسٹریل پارک کا قیام، اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے 10 کروڑ کے ترقیاتی کاموں افتتاح کیا، انتخابی وعدوں کی تکمیل کا دعویٰ
حیدرآباد 13 مئی (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے وقارآباد اسمبلی حلقہ کے مومن پیٹ منڈل میں 10 کروڑ روپئے لاگت سے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اسپیکر اسمبلی اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اِس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے تعاون سے وقارآباد اسمبلی حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے فنڈس منظور کئے گئے ہیں۔ سابق بی آر ایس حکومت نے 10 برسوں میں وقارآباد اسمبلی حلقہ کو نظرانداز کردیا تھا۔ فنڈس کی عدم اجرائی کے سبب سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ پینے کے پانی کی اسکیم پر عمل نہیں کیا جاسکا۔ پرساد کمار نے کہاکہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں سے محرومی کے لئے سابق حکومت ذمہ دار ہے۔ حیدرآباد سے قربت کے باوجود وقارآباد میں ایک بھی نئی صنعت قائم نہیں کی گئی۔ دیہی علاقوں خاص طور پر مواضعات میں سڑکوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ریونت ریڈی کی زیرقیادت عوامی حکومت نے وقارآباد اسمبلی حلقہ میں سڑکوں کی ترقی کے لئے 600 کروڑ کی منظوری دی ہے۔ ترقیاتی کاموں بالخصوص سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ مومن پیٹ منڈل میں انڈسٹریل پارک کے قیام کے لئے 45 کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ اسپیکر اسمبلی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے بھی حکومت سے رقمی منظوری حاصل کریں گے۔ کوٹ پلی میں ذخیرہ آب کی تعمیر کے لئے 90 کروڑ منظور کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مستحق غریب خاندانوں کو مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے غریبوں کو 500 روپئے میں گیس سیلنڈر اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی جاری ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 25 لاکھ کسانوں کا 2 لاکھ روپئے تک کا قرضہ معاف کیا گیا جس کے تحت 21 ہزار کروڑ جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں تلنگانہ پہلی ریاست ہے جو راشن کارڈ پر باریک چاول سربراہ کررہی ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خود روزگار اسکیم کے تحت راجیو یوا وکاسم کے ذریعہ کاروبار شروع کرنے کے لئے سبسیڈی پر مبنی قرض جاری کیا جائے گا۔ پرساد کمار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی اور فلاح و بہبود میں مصروف ریونت ریڈی حکومت سے مکمل تعاون کریں۔1