سڑکوں کی تعمیر کیلئے 1865 کروڑ منظور ، بی سی گروکل اداروں میں 2591 تقررات

,

   

ریاست کے مالیاتی موقف ، اسمبلی کے سرمائی اجلاس ، مرکزی حکومت کے سوتیلے سلوک پر تبادلہ خیال
کابینی اجلاس میں کئی اہم فیصلے

حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 1865 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ محکمہ عمارت و شوارع کے لیے 472 جائیدادوں کی منظوری دی گئی ۔ بی سی گروکل تعلیمی اداروں میں 2591 جائیدادوں پر تقررات کرنے کی منظوری دی گئی ۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں 5 گھنٹوں تک کابینہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ جس میںکئی اہم فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس میں ریاست کی مالیاتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کے تعلق سے غور و خوص کیا گیا ۔ بنجر اراضیات کے مسائل کی یکسوئی کے لیے تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ چند محکمہ جات کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی گئی ہے ۔محکمہ عمارت و شوارع میں کاموں کا اضافہ ہوجانے کے پیش نظر محکمہ کی تنظیم نو کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی ڈپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں کے لیے جملہ 472 اضافی جائیدادوں کی منظوری دی گئی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے قرض کے حصول اور گرانٹس کی اجرائی میں عائد کردہ تحدیدات سے ریاست کی تقریبا 40 ہزار کروڑ آمدنی متاثر ہوگئی ہیں ۔ جس کا ترقیاتی کاموں پر اثر پڑ رہا ہے ۔ ریاست کی آمدنی بڑھانے کے لیے مختلف امور پر غور کیا گیا جس میں سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے اور دوسرے ذرائع تلاش کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ اسمبلی کے سرمائی سیشن میں اس پر مباحث کرنے اور ضرورت پڑنے پر ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو روانہ کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات میں تیزی پیدا کرنے اور شفاف طریقہ سے اہل افراد کا انتخاب کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ذاتی اراضی رکھنے والے غریب عوام کو مکانات کی تعمیرات کے لیے 3 لاکھ روپئے مالی امداد دینے کے رہنمایانہ خطوط پر بھی غور کیا گیا ہر اسمبلی حلقہ میں کتنے لوگوں کو مالی امداد دی جائے اس کا جائزہ لیا گیا ۔ امید کی جارہی ہے کہ اسمبلی اجلاس کے ذریعہ اس اسکیم کا اعلان کیا جائے گا ۔ گذشتہ اسمبلی اجلاس میں جن بلز کو منظوری دی گئی ہے انہیں گورنر کی جانب سے منظوری نہ دینے پر بھی غور کیا گیا ۔ محکمہ عمارت و شوارع کے لیے نئی آفس کا قیام عمل میں لانے تعمیرات میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ۔ تین نئے چیف انجینئرس 12 سپرنٹنڈنٹ انجینئرس 13 ایگزیکٹیو انجینئر 102 ڈی ای ای 163 اسسٹنٹ ای ای 28 ڈیویژنل آفیسرس کے علاوہ چند ٹکنیکل و نان ٹکنیکل جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کرنے کی محکمہ عمارات و شوارع کو ہدایت دی گئی ۔ حالیہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے ریاست کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ ان سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 1865 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے فوری اثر کے ساتھ 635 کروڑ روپئے جاری کردینے کی ہدایت دی گئی ۔ اس کے علاوہ مہاتما جیوتی راؤ پولے بی سی گروکل تعلیمی اداروں میں 2591 جائیدادوں پر تقررات کے لیے منظوری دی گئی ۔ جاریہ تعلیمی سال شروع کئے گئے 4 نئے جونیر کالجس ، 15 ڈگری کالجس 33 ریسیڈنشیل اسکولس میں ٹیچنگ و نان ٹیچنگ جائیدادوں پر تقررات کے لیے کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی ہے ۔۔ن