سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول خاتون ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 2 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ چارمینار پولیس کے مطابق 90 سالہ سید علی حسین جو دبیرپورہ علاقہ کے ساکن بتائے گئے ہیں ہائی کورٹ روڈ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے ۔ سید علی حسین بادشاہی عاشور خانہ سے واپس ہورہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ بالاپور پولیس کے مطابق 65 سالہ یوسف جو قبا کالونی کے ساکن گزشتہ روز سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں فوت ہوگئے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کے مطابق 60 سالہ نیتو جو تارناکہ علاقہ کی ساکن تھی یہ خاتون کل شام بازار سے گھر واپس ہورہی تھی کہ سڑک عبور کرنے کے دوران خانگی بس کی زد میں آکر فوت ہوگئی۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 38 سالہ ہری بابو جو پیشہ سے مزدور تھا شاردھا نگر مہیشورم علاقہ میں رہتا تھا 31 جولائی کے دن بابو موٹر سیکل پر واپس ہورہا تھا کہ ایک ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ نارنگی پولیس کے مطابق 35 سالہ کرشنا کمار شاہ جو پیپل گوڑہ لیبر کیمپ میں رہتا تھا اور جو بہار کا متوطن بتایا گیا ہے کمار شاہ کل اوٹر رنگ روڈ کے قریب پیش آئے حادثہ میں ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ کاچی گوڑہ پولیس کے مطابق 42 سالہ سی راملو جو برکت پورہ علاقہ میں رہتا تھا کل شام وہ کاچی گوڑہ علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں آٹو کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع