سڑک حادثہ میں خاتون ہوم گارڈ ہلاک

   

حیدرآباد 4 فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جہاں قتل کی وارداتوں میں اضافہ تشویش کا باعث بن گیا ہے وہیں المناک سڑک حادثات کا بھی سلسلہ چل پڑا ہے۔ آج ایسا ہی ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں خاتون ہوم گارڈ ہلاک ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ کے سجاتا جس کا تعلق پیٹلہ برج پولیس ہیڈکوارٹر سے تھا، آج صبح 6.30 بجے لکشمی گوڑہ چوراہا مائیلاردیو پلی میں سڑک عبور کررہی تھی کہ تیز رفتار ڈی سی ایم ویان نے اُسے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں خاتون ہوم گارڈ سجاتا برسر موقع ہلاک ہوگئی اور اِس حادثہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور کچھ دیر تک ٹریفک میں خلل پڑگیا۔ مائیلاردیو پلی پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر خاتون کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کی جس میں یہ واضح ہوگیا کہ ڈی سی ایم ویان ڈرائیور نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے خاتون ہوم گارڈ کو ٹکر دے دی۔ پولیس مائیلاردیو پلی نے ڈی سی ایم ویان کو ضبط کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔