سڑک حادثہ میں شہید تین نوجوانوں کے ارکان خاندان سے عامر علی خاں کی ملاقات

   

غمزدہ ارکان کو نیوز ایڈیٹر سیاست کا پرسہ ، ممکنہ تعاون کرنے کا تیقن
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ملت اسلامیہ کو آج ایک ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو نا صرف غرور و تکبر کی بیماری سے پاک ہو بلکہ اس کے سینے میں ایسا دل ہو جو ملت کے لیے تڑپتا و دھڑکتا ہو ملت کے کسی نوجوان کو پریشانی ہوتی ہے تو وہ پریشان ہوتا ہو مصیبت زدہ لوگوں کے آنسو پونچھتا ہو انہیں دلاسہ دے کر ممکنہ مدد کے ذریعہ اس کی دلجوئی کرتا ہو اور جس کے لیے لوگ بارگاہ رب العزت میں ہاتھ اٹھائے دعا کرتے ہوں ۔ اللہ تمہیں ہمیشہ اپنی امان میں خوش و خرم رکھے ۔ ایسے ہی مناظر ہم نے جوگی پیٹ میں اس وقت دیکھے جب نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و نامزد ایم ایل سی جناب عامر علی خاں وہاں حادثہ میں شہید تین نوجوانوں کے غمزدہ ارکان خاندان کو پرسہ دینے پہونچے ایک ہفتہ قبل سڑک حادثہ میں تین نوجوان حاجی ، مکرم ، واجد شہید ہوگئے تھے ۔ غمزدہ خاندان کو پرسہ دیتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ اس وقت جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ کسی کی ماں آنسو بہا رہی تھی کسی کے بھائی بہن ۔ چچا اور خاندان کے دوسرے ارکان مجسم غم بنے ہوئے تھے ۔ سب کو دلاسہ دلایا جارہا تھا ۔ واضح رہے کہ سڑک حادثہ میں شریک تین نوجوانوں کی عمریں 25 تا 28 سال کے درمیان بتائی گئی ہے ۔ ان میں ایک شادی شدہ تھا ۔ جناب عامر علی خاں نے ان غمزدہ ارکان خاندان کو فوری طور پر کچھ مدد کی اور آئندہ ایک سال تک ماہانہ راشن کا انتظام کرانے کا اعلان کیا ۔ جس پر جوگی پیٹ کے مسلمانوں نے جناب عامر علی خاں کی انسانیت دوستی اور ملت نوازی کی زبردست ستائش کی ۔ عامر علی خاں نے غمزدہ خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ گھر کے ذمہ دار فرد کا ہمیشہ کے لیے جدا ہوجانے کے غم و جذبات کا احساس رکھتے ہیں ۔ یہ حادثہ تینوں خاندانوں کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ جس کو لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ہم سب ان کی مغفرت کے لیے دعا کرسکتے ہیں ۔ اللہ رب العزت ان تینوں شہیدوں کے ارکان خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ عامر علی خاں کے دورے جوگی پیٹ میں بے شمار لوگوں نے ان سے ملاقات کی جنہوں نے عامر علی خاں کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں دیتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کئی ضرورت مند لوگوں نے بھی عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل سے انہیں واقف کرایا ۔ عامر علی خاں کی شہید نوجوانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کے وقت سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر محمد سلیم صدر مسلم ویلفیر کمیٹی جوگی پیٹ عرفان محی الدین کے علاوہ معبود خان ، علی شاہ خان ، رفیق اور جاوید کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔2