سکریٹریٹ مساجد کی بازیابی کیلئے دعائیہ اجتماعات و دستخطی مہم

   

جے اے سی برائے بازیابی مساجد کا اجلاس، محمد مشتاق ملک، سید عزیز پاشاہ و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے بازیابی سکریٹریٹ مساجد کا ایک ہنگامی اجلاس تحریک مسلم شبان کے دفتر اعظم پورہ میںہفتہ کے روز منعقد ہوا ۔ صدرات چیرمن کمیٹی محمد مشتاق ملک نے کی جبکہ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وقومی صدر تنظیم انصاف سید عزیز پاشاہ‘ تلگودیشم قائد محمد مظفر علی خان‘ ٹی آر ایس قائد عبدالحق قمر‘ ریاستی صدر مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس محمد عبدالعزیز ‘ مولانا مفتی ابرار الدین جمعیت علماء‘ محمد کمال صدر ڈبلیو پی آئی‘جناب محمد رحیم بی ایس پی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیرمن محمد مشتاق ملک نے کہاکہ اگلے پندرہ روز کے لئے ایک احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سکریٹریٹ کی مساجد کی بازیابی کے متعلق عوام میںشعور بیداری کے مقصد سے ’’ایک ملین دستخط‘‘ حاصل کئے جائیںگے ۔ اجلاس میں فیصلہ لیاگیا ہے کہ آنے والے دو جمعہ ریاست بھر کی مساجد کے سامنے خاموش احتجاجی مظاہرے کئے جائیںگے ۔ تمام مساجد کے سامنے دستخطی مہم کے لئے کاونٹرس نصب کئے جائیں گے ۔ تمام ائمہ مساجد سے سکریٹریٹ مساجد کی بازیابی کیلئے خصوصی دعائوں کے اہتمام کی بھی اپیل کی جائے گی ۔ سیدعزیز پاشاہ نے مہم کے لئے تعاون کا اعلان کیا۔ انہوں نے سنٹرل وقف ایکٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ایک مرتبہ وقف کی گئی جگہ ہمیشہ وقف ہی رہے گی اور حکومت کی جانب سے جو کہا جارہا ہے وہ قابل قبول نہیںہے ۔ مظفر علی خان نے کہاکہ مساجد کی بازیابی تک ہر محاذ پر کمیٹی کو ہمارا تعاون رہے گا۔انہوں نے شہر حیدرآباد کی عوام ‘ دانشور طبقہ اور علماو مشائخین سے اپیل کی کہ وہ مسلمانوں سے جڑے سکریٹریٹ کی مساجد کی شہادت کے مسلئے پر اپنی خاموشی توڑے۔ عبدالحق قمر نے حکومت کے اعلی عہدوں اور مناسب سے فائز اقلیتی قائدین سے کہاکہ وہ ملی حمیت کے پیش نظر اپنے عہدوں کو ٹھوکر ماریں اور مساجد کی بازیابی کے لئے اپنے عہدوںسے استعفیٰ دیکر عوامی تحریک کا حصہ بنیں۔ جناب محمد عبدالعزیز نے مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کی جانب سے بھرپور تعاون او رحمایت کا اعلان کیا۔