سکریٹریٹ کے احاطہ میں چرچ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد

   

500 گز اراضی اور 1.5 کروڑ مختص ، عیسائی مذہبی رہنماؤں نے خصوصی عبادت کی
حیدرآباد۔28 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ کامپلکس کے احاطہ میں حکومت نے مساجد کے علاوہ مندر اور چرچ کی تعمیر کا اعلان کیا ہے ۔ مساجد کے تعمیری کاموں کا آغاز ہوچکا ہے، تاہم آج خوبصورت چرچ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا۔ میدک کے بشپ ریورنڈ ڈاکٹر اے سی سولومن اور رکن قانون ساز کونسل راجیشور راؤ نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں نئے چرچ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ بشپ سولومن نے اس موقع پر خصوصی دعا کی ۔ سکریٹریٹ کے تعمیری کاموں کا کام تیزی سے جاری ہے، لہذا چرچ کی تقریب سنگ بنیاد سادگی کے ساتھ منعقد کی گئی۔ ٹی آر ایس قائد اور رکن کونسل راجیشور راؤ نے کہاکہ تلنگانہ ریاست مذہبی رواداری کی علامت ہے اور اپنی گنگا جمنی تہذیب کیلئے شہرت رکھتی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام مذاہب اور مختلف ثقافتوں کو یکساں طور پر اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں کشادہ اور خوبصورت چرچ کی تعمیر کے فیصلہ پر عیسائی عوام کی جانب سے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تاریخ میں سکریٹریٹ کا خوبصورت گرجا گھر اپنی علحدہ شناخت بنائے گا ۔ حکومت نے چرچ کی تعمیر کیلئے 500 گز اراضی مختص کی ہے اور تعمیری کاموں کیلئے 1.5 کروڑ منظور کئے گئے ۔ سکریٹریٹ کے عیسائی ملازمین نے چرچ کی تعمیر پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ راجیشور راؤ نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت عیسائی اقلیت کی غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حکومت نے گرجا گھروںکی تعمیر کیلئے درکار سرکاری منظوری کے عمل کو آ سان بنایا ہے۔ بشپ سولومن نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سیکولرازم اور اس کی روا یات کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں اور تمام مذاہب کو یکساں طور پر اہمیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے چرچ کیلئے اراضی اور تعمیری اخراجات برداشت کرنے پر حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ محکمہ عمارات و شوارع کے سپرنٹنڈنگ انجنیئر ای ستیہ نارائنا نے عیسائی مشنریز کے سربراہوں اور عیسائی ملازمین کو چرچ کے ڈیزائین کا مشاہدہ کرایا۔ مشیر حکومت برائے آر اینڈ بی ایس سدھاکر تیجا اور امپلائیز یونین کی جانب سے پرساد ، چٹی بابو ، بی جیکب راس ، جیمس ، سشما ، سوجنیا، راجو ، رتنم ، شاستری اور دوسروں نے شرکت کی۔ ر