ریاستی وزیر پرشانت ریڈی نے دہلی، آگرہ اور جئے پور کی تاریخی عمارتوں کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔ سکریٹریٹ کے نئے کامپلکس کی تعمیر میں قیمتی پتھروں کے استعمال کا جائزہ لینے کیلئے وزیر عمارات و شوارع نے دہلی اور آگرہ کی تاریخی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ ریاستی وزیر وی پرشانت ریڈی کی قیادت میں عہدیداروں اور آرکیٹکٹ کا ایک وفد گذشتہ تین دن سے دہلی اور آگرہ کے دورہ پر ہے۔ وفد نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور استعمال کئے جانے والے ریڈ سینڈ اسٹونس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کی موجودہ عمارت کے علاوہ نارتھ اور ساؤتھ بلاک کی عمارتوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے راشٹر پتی بھون کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ پرشانت ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے لال قلعہ دہلی کے علاوہ آگرہ میں تاج محل اور اس سے متصل دیگر عمارتوں اور تاریخی قلعہ کا دورہ کیا۔ قدیم طرز تعمیر میں استعمال کی گئی اشیاء کے علاوہ منفرد طرز تعمیر کے نمونے حاصل کئے گئے۔ تاریخی عمارتوں میں استعمال کئے گئے قیمتی پتھروں کی دستیابی کا ریاستی وزیر نے جائزہ لیا۔ پرشانت ریڈی نے دھولہ پور، کروالی اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پتھروں کی کانوں کا معائنہ کیا اور پتھروں کی اقسام کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے پتھروں کی اقسام اور معیار کے بارے میں مقامی عہدیداروں سے بات چیت کی۔ ریاستی وزیر کے ہمراہ انجینئر اِنچیف گنپتی ریڈی، ایکزیکیٹو انجینئر ششی دھر، بلڈنگ آرکیٹکٹ آسکر، کنسٹرکشن کمپنی شاپورجی کے نمائندے لکشمن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ انہوں نے عنبر پیالیس، لال محل، نہارگھر فورٹ، ہوا محل، جنتر منتر اور دیگر تاریخی عمارتوں کا جئے پور میں دورہ کیا۔ریاستی وزیر اور ان کی ٹیم نے تیسرے دن جئے پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے رام باغ پیالیس ، مہاراجہ منموہن پیالیس، مہارانی گائیتری دیوی فاؤنٹین اور دیگر تاریخی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فاؤنٹین کا ڈیزائن مقامی عہدیداروں سے حاصل کیا۔