گنگٹوک۔ 31 مئی (یو این آئی) سکم حکومت نے ریاست کے شمالی علاقہ میں شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے سے سڑکیں بند ہونے کے باعث سیاحوں کی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے ۔ تیز بارش کی وجہ سے تیستا ندی طغیانی پر ہے ۔ جمعرات کی رات ایک گاڑی ندی میں گرنے کے بعد لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں متاثر ہوئی ہیں۔ آج یہاں جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق، تمام ٹور آپریٹرز کو مطلع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ جمعہ کی رات مسلسل بارش کی وجہ سے چنگتھانگ جانے والی سڑک بند ہے اور آج گاڑیوں کو شمالی سکم جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 31 مئی کے لیے شمالی سکم کے لیے جاری کیے گئے پیشگی اجازت نامے منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔ نامچی میں لیگ شپ اور کیویزنگ کے درمیان 7ویں میل پر ایک حادثہ کی وجہ سے جنوبی سکم کی طرف جانے والی مرکزی سڑک بھی بند ہو گئی۔ اس راستے پر ایک پک اپ آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے راستہ بلاک ہوگیا۔