سکندرآباد حلقے میں رائے دہی کم ہونے کا خدشہ

   

حیدرآباد۔4 اپریل (سیاست نیوز) ایک جانب ہندوستان میں عام انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں اورتلنگانہ میں 11 اپریل کو رائے دہی کیلئے تیاریاں بھی مکمل کی جا رہی ہیں لیکن دوسری جانب گرمائی تعطیلات کی وجہ سے حیدرآباد کے جڑواں شہر سکندرآباد میں رائے دہی کے فیصد میں گراوٹ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جونیئر کالجوں کو پہلے ہی گرمائی تعطیلات مل چکی ہیں جبکہ 13 اپریل سے اسکولوں کو بھی تعطیلات مل جائیں گی لہذا تعطیلات کے دوران حیدرآباد ملکاجگری اور چیوڑلہ میں رائے دہی کا فیصد کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ یہاں کی زیادہ تر آبادی دوسرے علاقوں سے آکر آباد ہونے والے افراد پر مشتمل ہے۔ کوکٹ پلی، سری لنگم پلی ، ملکاجگری قطب اللہ پور ،صنعت نگر ،بوئن پلی ،حشمت پیٹ اور دیگر علاقوں میں ایسے افراد کی بڑی تعداد موجود ہے جو آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے کے علاوہ ہندوستان کی دیگر ریاستوں سے بھی یہاں ملازمت اور تجارت کے پیش نظر مقیم ہیں ،جو گرمائی تعطیلات میں اکثر اپنے آبائی مقامات کے لیے روانہ ہو جاتے ہیں۔ ان تمام حالات کی بناکر یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاید سکندرآباد حلقے میں رائے دہی کا فیصد کم ہو۔