سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی ترقی کیلئے 699 کروڑ کے پراجکٹ پر عمل آوری

   


اکٹوبر 2025 تک کام کی تکمیل، جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین کا بیان
حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی ترقی اور اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وزارت ریلویز نے ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی کا جو پراجکٹ شروع کیا ہے اس کا مقصد ہندوستان کے ریلوے اسٹیشنوں پر عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنا اور اسٹیشنوں کو خوبصورت بنانا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی ترقی کا کام شروع کیا ہے اور یہ کام اکٹوبر 2022 میں مسرز گردھاری لال کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کو الاٹ کیا گیا۔ یہ پراجکٹ ای پی سی طرز پر الاٹ کیا گیا اور تکمیل کی مدت 36 ماہ مقرر کی گئی۔ اکٹوبر 2025 تک 699 کروڑ کی لاگت سے پراجکٹ کی تکمیل ہوگی۔ مقررہ وقت پر تکمیل کیلئے ضروری گراؤنڈ ورک کا آغاز ہوچکا ہے۔ پہلے مرحلہ میں لیڈ ڈیزائن ڈائرکٹر، سیفٹی کنسلٹنٹ اور پروف کنلسٹنٹس کا تقرر کیا گیا تاکہ ڈیزائن کو قطعیت دی جائے۔ آئی آئی ٹی دہلی کو پروف کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اسٹیشن کے سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور مختلف سمتوں میں ترقیاتی کاموں کی نشاندہی کی گئی۔ ترقیاتی منصوبہ کے تحت فرسٹ اور گراؤنڈ فلور کا منصوبہ ہے اور فٹ اوور بریجس کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سوائل ٹسٹنگ کا نارتھ اور ساؤتھ ٹرمنل پر اہتمام کیا گیا۔ ترقیاتی منصوبہ کے تحت قدیم ریلوے کوارٹرس کو منہدم کیا جائے گا اور نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے سالانہ 20 ملین مسافرین آمدورفت ہوتی ہے اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے مزید بہتر خدمات کیلئے عصری سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین نے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کا گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن میں بہتر سہولتوں کے ساتھ اسے خوبصورت بنانے پر توجہ دی جائے گی تاکہ مسافرین کو سہولت ہو۔ نئے ریلوے اسٹیشن کی عمارت میں مسافرین کی آمد و روانگی کیلئے بہتر پارکنگ کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن ترقی کے بعد شہر کی خوبصورتی میں ایک اضافہ ثابت ہوگا۔ر