سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کام تیزی سے جاری

   

اکٹوبر 2025 میں کاموں کی تکمیل کا نشانہ
حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے اہم ترین سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور انہیں اکٹوبر 2025 تک مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین کے مطابق اراضی کے سروے اور دیگر بنیادی کاموں کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلہ میں منصوبہ بند انداز میں تعمیری کاموں کا آغاز ہوا ہے۔ ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت میں نیا بکنگ آفس تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملٹی لیول کار پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ موجودہ بکنگ آفس کو عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا۔ شمالی جانب موجودہ ٹو وہیلر پارکنگ کو گیٹ نمبر 3 منتقل کیا جارہا ہے۔ نئے بکنگ آفس کی تعمیر کیلئے کھدائی کا کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قدیم ریلوے کوارٹرس کی جگہ نئے آر پی ایف آفس کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ ترقیاتی منصوبہ کے تحت شیلٹر اور پلیٹ فارم پر خصوصی چھت کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ماڈرن آرکیٹکچر کے ذریعہ مسافرین کی سہولتوں کا انتظام کیا جائے گا۔ وزارت ریلویز نے ملک کے اہم ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی کے منصوبہ کے تحت سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کا انتخاب کیا ہے۔ ترقیاتی کام ای پی سی موڈ میں مختلف اداروں کو الاٹ کئے جائیں گے اور اکٹوبر 2025 تک کاموں کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا۔ ارون کمار جین نے کہا کہ پراجکٹ کی بہتر طور پر نگرانی کی جارہی ہے کیونکہ سکندرآباد ساؤتھ سنٹرل ریلوے کا سب سے بڑا اسٹیشن ہے جہاں مسافرین کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ آئندہ 40 سال کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی کی گئی۔ر