گنیش نے گزشتہ اسمبلی چناؤ میں مقابلہ کیا تھا
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ سے قبل کانگریس پارٹی کو اس وقت استحکام حاصل ہوا جب بی جے پی لیڈر گنیش نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ بی جے پی لیڈر این سری گنیش نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیا تھا ۔ انہوں نے ملکاجگری کے بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے چند گھنٹے بعد ہی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ لوک سبھا چناؤ کے ساتھ 13 مئی کو سکندرآباد کنٹومنٹ اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ مقرر ہے۔ بی آر ایس رکن اسمبلی جی نندیتا کے سڑک حادثہ میں دیہانت کے باعث ضمنی چناؤ یقینی ہوچکا ہے۔ نندیتا نے بی جے پی امیدوار گنیش کو 17169 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی تھی ۔ بی جے پی کنٹونمنٹ سے گنیش کو دوبارہ امیدوار بنانے پر غور کر رہی تھی لیکن کانگریس میں شمولیت کے بعد بتایا جاتا ہے کہ وہ کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گے ۔ بی آر ایس نے نندیتا کی بہن کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہمدردی کے ووٹ حاصل ہوں ۔ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور رکن کونسل مہیندر ریڈی کی موجودگی میں سری گنیش نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ 1