سہارنپور میں عمران مسعود کیلئے پرینکا گاندھی کا روڈ شو

,

   

مہنگائی اور بے روزگاری سے مایوس عوام کا جوش اور جذبہ تبدیلی کا اشارہ

لکھنؤ: اتر پردیش میں لوک سبھا کی 8 سیٹوں پر پہلے مرحلہ میں 19 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ آج شام ان سیٹوں کیلئے انتخابی تشہیر ختم ہو گئی لیکن اس سے چند گھنٹے قبل کانگریس کی اسٹار پرچارک اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سہارنپور میں انڈیا اتحاد کے امیدوار عمران مسعود کی حمایت میں روڈ شو کیا۔ اس روڈ شو میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر دکھائی دی جسے دیکھ کر پرینکا گاندھی نے بے حد خوش کا اظہار کیا۔چہارشنبہ کو پرینکا گاندھی کا یہ روڈ شو جین باغ علاقہ سے شروع ہوا اور پھر رائے والا، جے بی ایس انٹر کالج، کمبوہ پل سے ہو کر تقریباً دو کلومیٹر کی دوری طے کرتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقہ قطب شیر میں ختم ہوا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس روڈ شو سے متعلق پرینکا گاندھی نے ایک پوسٹ بھی کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ اتر پردیش میں سہارنپور کے باشندوں کی اس محبت سے میں حیران ہوں۔ یہ جوش اور جذبہ آنے والی تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔ اس پوسٹ میں پرینکا نے یہ بھی لکھا کہ بے روزگاری اور مہنگائی سے مایوس ہو چکی عوام کو اب تبدیلی کی امید نظر آنے لگی ہے۔ یہ جوش اسی امید کی جھلک ہے۔ عوام پر ناانصافی کرنے والی بی جے پی کی وداعی طے ہے۔آج سہارنپور میں روڈ شو کے دوران پرینکا گاندھی کھلی چھت والی گاڑی میں عمران مسعود کے ساتھ نظر آئیں۔ دونوں لیڈروں نے سڑک پر جمع بھیڑ کا ہاتھ ہلا کر استقبال کیا۔ اس بھیڑ میں برقع پوش خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد دکھائی دی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ علاقہ میں کانگریس اور عمران مسعود کے حق میں ایک لہر چل رہی ہے۔اس روڈ شو کے دوران کانگریس کے پرچم اور غباروں کے ساتھ ساتھ سماجوادی پارٹی کا بھی پرچم دکھائی دیا۔ اپنے پسندیدہ لیڈر کو اپنے علاقہ میں دیکھ کر سبھی خوش دکھائی دے رہے تھے اور مقامی لوگوں نے تو چھتوں سے پھولوں اور کاغذ کے رنگین ٹکڑوں کی بارش بھی کی۔