حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : حالیہ عرصہ کے دوران ہمارے ملک ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بالخصوص مشرق وسطیٰ اور امریکہ میں غیر معمولی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹیرف کے نام پر ہندوستان کے بشمول کئی ایک ممالک پر ہیبت طاری کر رکھی تھی ۔ جب کہ اسرائیلی مفادات کے تحفظ کی خاطر ایران کے خلاف جنگ چھیڑنے کی بھی انہوں نے حماقت کردی ۔ نتیجہ میں مہنگائی نے عوام کو بہت متاثر کیا جس کا نتیجہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنس کی شکست اور ڈیموکریٹس کی شاندار کامیابی کی شکل میں برآمد ہوا ۔ دوسری طرف اسرائیل میں ٹرمپ کے دوست نیتن یاہو بھی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے اور وہاں عرب سیاسی جماعتوں کو بادشاہ گر کا موقف حاصل ہوا ۔ غرض دنیا کا رخ اس کی سمت بدلنے والے واقعات نے دنیا کو ایک نئی سوچ و فکر دی ہے ۔ ان تمام تبدیلیوں اور ان کے اثرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے روزنامہ سیاست نے ہندوستانی نژاد امریکی ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد عبدالمقتدر خان کے لکچر کا اہتمام کیا ہے ۔ 17 نومبر کو شام 5 تا 6-30 بجے منعقد ہونے والے اس لکچر مے ڈاکٹر محمد عبدالمقتدر ’ عالم اسلام میں بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاست ‘ ، ’ امریکہ روبہ زوال طاقت نہیں اور دنیا ابھی تک کثیر قطبی نہیں بنی ‘ کے ساتھ ساتھ واشنگٹن ڈی سی سے ہندوستان پر ایک طائرانہ نظر ، ابھرتا ہنوستان یا زوال پذیر جمہوریت ، جیسے عنوانات یا موضوعات کا احاطہ کریں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ڈاکٹر محمد مقتدر خاں کا تعلق شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد سے ہے اور انہیں 13 تا 18 نومبر حیدرآباد میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے منعقد ہورہے بھارت سمیٹ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔ وہ یونیورسٹی آف ڈیلاوئیر میں شبہ سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ہے ۔ ڈاکٹر خان اس یونیورسٹی میں اسلامک اسٹیڈیز پروگرام کے بانی ڈائرکٹر ہیں ۔ سیاست آڈیٹوریم میں منعقد ہورہے اس سمینار میں شہر کی ممتاز دانشوروں و مفکرین کو مدعو کیا گیا ہے ۔۔ m/b