سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ امید کا مرکز

   

عثمان نگر شاہین باغ کے بارش متاثرین کا اظہارخیال، راحتی پیاکیج کی تقسیم، مسائل حل کروانے جناب زاہد علی خان سے خواہش

حیدرآباد: حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں ایسی شخصیتیں موجود ہیں جنہیں کسی سرکاری یا خانگی زمین پر قبضے کرنے یا پھر کسی تالاب، کنٹے اور جھیلوں کے پیٹ مٹی سے بھر کر اپنے اور اپنے بچوں کے پیٹ بھرنے، ہزاروں کروڑوں روپئے کی جائیدادیں کھڑی کرنے، بے نامی اثاثے جات جمع کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اللہ عزوجل نے انہیں جس قدر نوازا ہے اس کا بار بار شکر ادا کرتے ہوئے وہ عوام کی ہر پریشانی اور مصیبت میں مدد کیلئے دوڑ پڑتے ہیں۔ مصیبت زدہ عوام کی خدمت کو وہ عبادت تصور کرتے ہیں۔ جھڑکیوں، غصہ و برہمی کے ذریعہ پریشان حال لوگوں کے دل نہیں توڑتے بلکہ ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حتی المقدور مدد کرتے ہوئے ان لوگوں کی دلجوئی کرتے ہیں۔ ایسے ہی ہمدردانہ ملت میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہدعلی خان، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین، منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خان، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامرعلی خان فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی و ارکان ڈاکٹر مخدوم محی الدین، جناب رضوان حیدر، جناب سید حیدر علی، مشتاق ملک وغیرہ شامل ہیں۔ پچھلے دنوں بارش نے حیدرآباد میں بھیانک تباہی مچائی۔ 70 سے زائد افراد بارش کی نذر ہوئے جن میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد، ایک ہی خاندان کے چار افراد اور کئی نوجوان شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ عثمان نگر شاہین باغ، احمد نگر کالونی، سیف کالونی، حبیب کالونی، بابا نگر کا سارا علاقہ بالاپور مسجد فاطمہ غرض پرانا اور نئے شہر کے بے شمار علاقے شدید متاثر ہوئے۔ مذکورہ علاقوں میں ایسے کئی خاندان ہیں جہاں لڑکیوں کے جہیز کا سامان بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اپنے تباہ حال بھائی بہنوں کی مدد کیلئے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے بیڑا اٹھایا اور پھر کئی علاقوں کے متاثرین میں کچن کٹس کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ متاثرین کی مدد کیلئے رضاکار تیار کئے گئے اور پھر مدد کا آغاز عمل میں آیا۔ 26 تاریخ کو جب ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان متاثرین میں کچن کٹس کی تقسیم کیلئے عثمان نگر شاہین نگر پہنچے وہاں پریشان حال عوام نے ان کا والہانہ خیرمقدم کیا۔ انہیں اپنی پریشانیوں سے واقف کروایا اور بتایا کہ کسی طرح حکومت اور عوامی نمائندے انہیں نظرانداز کررہے ہیں۔ اسی وقت جناب زاہد علی خان نے بتایا کہ وہ سبیتا اندرا ریڈی اور دوسرے قائدین اور حکام کو اس جانب توجہ دلائیں گے۔ چنانچہ دوسرے دن ہی سبیتا اندرا ریڈی اور متعلقہ عہدیداروں نے ان علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو ممکنہ مدد کا تیقن دیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ عثمان نگر شاہین نگر میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ متاثرین کی امیدوں کا مرکز بن گئے ہیں۔ جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں راحتی پیاکیجس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر جناب ظہیرالدین علی خان، جناب رضوان حیدر، جناب سید حیدر علی، ڈاکٹر مخدوم محی الدین، عثمان الہاجری، طاہر غفاری، فہیم اور دوسرے موجود تھے۔ مقامی عوام نے جناب زاہد علی خان کو بتایا کہ اس مسڈ کو مستقل طور پر حل کیا جائے۔ حالیہ بارش نے انہیں تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔ سارا سامان تلف ہوگیا۔ ووٹر آئی ڈی کارڈ، آدھارکارڈ دستاویزات تباہ ہوگئے اور لوگ انفیکشن سے متاثر ہورہے ہیں۔ متاثرین نے سیاست سے بات کرنے ہوئے بتایا کہ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ غیرمعمولی خدمات انجام دے رہے ہیں اور حیدرآباد میں جناب زاہد علی خان اور جناب افتخار حسین جیسی شخصیات موجود ہیں جو ملت کیلئے بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں۔ متاثرین نے ان شخصیتوں کیلئے اور ان تمام کیلئے دعائے خیر کی جنہوں نے ان کی مدد کی۔