سیاسی اختلافات تشدد کا جواز نہیں بن سکتے ‘ کھرگے

   

نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے کولکاتا سے متصل سونارپور میں ابھیشیک بنرجی پر حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی سلامتی یقینی بنانا حکومتوں کی ذمہ داری ہے اور سیاسی اختلافات کسی بھی قسم کے تشدد کو جائز قرار نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ سونارپور میں انتخابی تشدد سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کیلئے گئے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک اہم اپوزیشن رہنما کو مناسب پولیس سکیورٹی نہ ملنا بی جے پی کی انتقامی اور ہراسانی کی سیاست کو ظاہر کرتا ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مغربی بنگال کی حکومت اور مرکزی حکومت کو تمام اپوزیشن رہنماؤں کی سلامتی یقینی بنانی چاہیے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ آج سونارپور میں کچھ افراد نے ابھیشیک بنرجی پر حملہ کر دیا۔ اس دوران ان کے کپڑے پھاڑ دیے گئے اور ان پر جوتے ، پتھر اور انڈے پھینکے گئے ۔ اس واقعہ کے بعد ابھیشیک بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب وہ انتخابی تشدد سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے ۔