سیاسی مفادات کے لیے آبپاشی پراجکٹس کو نقصان نہ پہونچائیں

   

ہریش راؤ کا اتم کمار ریڈی کو کھلا مکتوب ، انتظامی غفلت یا سازش ؟
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے دیودولا اور کالیشورم آبپاشی پراجکٹس کے انتظام پر کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سنگین خدشات کا اظہار کیا ۔ ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کو ایک کھلا مکتوب لکھتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پراجکٹس میں موجود بھاری موٹرس کو قواعد کے برخلاف بار بار آن اور آف کیا جارہا ہے جو انجینئرنگ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس طرح کے غیر سائنسی طریقہ کار سے پمپس ، امپیلرس اور موٹروں میں شدید کمپن پیدا ہوسکتا ہے ۔ جس سے انہیں نقصان پہونچنے کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ آیا یہ انتظامی غفلت ہے یا جان بوجھ کر پراجکٹس کو نقصان پہونچانے کی سازش ہے اور کیا اس کا الزام سابق بی آر ایس حکومت پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہیوی موٹرس کو مسلسل چلانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور انہیں بار بار بند کرنے سے شدید نقصان ناگزیر ہے ۔ ہزاروں کروڑ روپئے کے عوامی فنڈ سے تعمیر شدہ ان پراجکٹس کے ساتھ اس طرح کی لاپرواہی انتہائی افسوسناک ہے جب کہ مخصوص موٹروں (12,11,10,8,6) کا آپریشن خاص طور پر قابل اعتراض ہے ۔ ہریش راؤ نے حکومت کو مشورہ دیا کہ فوری طور پر موٹروں کو بار بار آن اور آف کرنے کے عمل کو روکا جائے اور انجینئرنگ اصولوں کے مطابق پمپس کو مسلسل چلایا جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ان اہم آبپاشی پراجکٹس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے کیوں کہ یہ تلنگانہ کے کسانوں کی زندگی سے جڑے ہوئے ہیں ۔۔ 2/m/b