سیاسی وابستگی کی بناء کسی مسلمان کو مسجد میں نماز سے نہیں روکا جاسکتا

   

ٹاملناڈو کے سیلم میں بی جے پی لیڈر کو مسجد میں داخلہ سے روکنے کے معاملہ پر مدراس ہائیکورٹ کا فیصلہ

چینائی،27 نومبر (ایجنسیز) مدراس ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مسلمان کو اس کی سیاسی وابستگی سے قطع نظر مسجد میں نماز ادا کرنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ جسٹس وی لکشمی نارائنن نے کہا کہ اسلام کے مطابق کون مسلمان ہے اور کون نہیں، اس کا فیصلہ صرف اللہ تعالیٰ کرسکتے ہیں، عام انسانوں کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے۔ عدالت نے ریمارک کیا کہ کسی مسلمان کو نماز ادا کرنے سے روکنا بذات خود گناہ ہے۔ یہ مشاہدات عدالت نے سیلم شہر کی ایک مسجد میں نماز ادا کرنے سے روکے جانے کے الزام پر بی جے پی مائناریٹی مورچہ کے عہدیدار سید ابراہیم کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران کئے۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے عہدیدار سید موسیٰ نے انہیں مسجد میں نماز ادا کرنے سے روکا تھا۔ جسٹس لکشمی نارائنن نے کہا کہ مسجد میں داخل ہونے سے قبل تمام افراد کو اپنی سیاسی اور دیگر وابستگیاں باہر چھوڑ دینی چاہئیں۔ نماز کے دوران سماجی، معاشی اور سیاسی حیثیت کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی اور تمام مسلمان ایک صف میں کھڑے ہوتے ہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ مسجد کی تعمیر کے لئے چندہ دینے سے کوئی شخص اس کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرسکتا کیونکہ مساجد اللہ تعالیٰ کے لئے وقف ہوتی ہیں اور انسان صرف ان کے منتظم ہوتے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو بھی ہدایت دی کہ اس تنازعہ کو باہمی مصالحت کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کی جائے۔
اسی لیے اس جمعہ کو مجھے خانہ نظر بند کرکے سزا دی جائے گی۔ میر واعظ نے کہا کہ یہ ایک روایت بن گئی ہے کہ جب بھی وہ عوام کے مسائل اور خدشات اٹھاتے ہیں تو اسی جمعہ انہیں جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا، حکومت کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ مجھ پر دباؤ ڈالنے کے بجائے ان مسائل کی حساسیت اور جموں و کشمیر کے عوام پر ان کے اثرات کو سمجھے ۔ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ اسے عوام کی فلاح و بہبود عزیز ہے ، اس لیے اسے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے لوگوں کو تکلیف پہنچے اور ان میں تشویش پیدا ہو۔