سیسوڈیا سے تہاڑ جیل میں ای ڈی کی پوچھ تاچھ

,

   

غریبوں کیلئے کام کرنے والوں کو مودی حکومت سزا دے رہی ہے، چیف منسٹر کجریوال کا ریمارک

نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ کے سلسلہ میں منگل کے روز ای ڈی کی ٹیم دہلی کے نائب وزیرا علیٰ منیش سیسوڈیاسے پوچھ کے لئے تہاڑ جیل پہنچ گئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب اس معاملہ میں ای ڈی نے منیش سیسوڈیاسے پوچھ گچھ کی۔ شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ کے سلسلہ میں منیش سیسوڈیاکو دہلی کی ایک عدالت نے 20 مارچ تک کے لئے عدالتی تحویل میں بھیجا ہے اور وہ فی الحال تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ رپورٹ کے مطابق منیش سیسوڈیاکی درخواست ضمانت پر 10 مارچ کو سماعت کی جائے گی۔ای ڈی کی پوچھ گچھ کی خبروں کے درمیان دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منیش سیسوڈیاکے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ سیسوڈیانے دہلی کے اسکولوں کا نقشہ تبدیل کر دیا ہے، سیسوڈیانے تعلیم کو غریبوں تک پہنچائی اور ملک کے لئے منیش سیسوڈیااور ستیندر جین جان بھی دے سکتے ہیں۔کیجریوال نے کہا ’’وزیر اعظم مودی ملک کو لوٹنے والوں کا ساتھ دیتے ہیں۔ جبکہ عام لوگوں کے لئے کام کرنے والے کو بخشا نہیں جاتا۔ میں ہولی کے دن ملک کے لئے تمام دن پوجا کروں گا۔ اگر آپ کو بھی لگتا ہے کہ وزیر اعظم صحیح نہیں کر رہے ہیں تو آپ بھی میرے ساتھ ہولی کے بعد تھوڑا وقت نکال کر پوجا کرنا، خدا کو یاد کرنا۔‘‘خیال رہے کہ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے پیر کے روز عآپ لیڈر منیش سیسوڈیاکو 20 مارچ تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ سیسوڈیاکو 26 فروری کو قومی راجدھانی خطہ دہلی (جی این سی ٹی ڈی) کی ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق جاری تحقیقات میں گرفتار کیا گیا تھا۔عآپ لیڈر سوربھ بھاردواج نے اس معاملہ پر کہا کہ جب تک ضمانت کا فیصلہ نہیں ہو جاتا، عدالت کے پاس عدالتی حراست میں توسیع کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ سی بی آئی کے پاس کوئی سوال نہیں تھا، جس کے لیے انہوں نے منیش سیسوڈیاسے پوچھ گچھ کا مطالبہ کیا ہوگا، ضمانت پر سماعت 10 مارچ کو ہوگی، اس کے بعد عدالت فیصلہ کرے گی کہ انہیں ضمانت ملتی ہے یا ان کی ریمانڈ بڑھائی جاتی ہے۔