سیف علی خان نے بیٹے کا نام ’تیمور‘ کیوں رکھا؟ کرینہ کا انکشاف

   

ممبئی : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنے بڑے بیٹے کا نام ’تیمور‘ رکھنے کی اصل وجہ بتا دی۔سیف علی خان اور کرینہ کپور خان کو اپنے بیٹوں کے ناموں کی وجہ سے انتہا پسند ہندووں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جوکہ اب بھی جاری ہے۔کرینہ کپور خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سیف کے بچپن کے ایک دوست کا نام تیمور تھا اور اُنہیں یہ نام ہمیشہ سے بہت پسند ہے اس لیے اُنہوں نے پہلے سے ہی سوچا ہوا تھا کہ اگر بیٹا ہوگا تو اس کا نام ’تیمور‘ رکھیں گے جس کا مطلب ہے’فولاد‘۔اُنہوں نے بتایا کہ میری خواہش یہ تھی کہ اگر میرا بیٹا ہو تو وہ بہت بہادر اور مضبوط حوصلے والا ہو تو ہم نے بیٹے کا نام’تیمور‘ رکھ دیا۔کرینہ کپور خان نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ کسی ماں یا کسی بچے کو ایسی صورتحال سے گزرنا پڑا ہو جس سے ہم لوگ گزرے، مجھے ابھی تک یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ ہم پر ہونے والی تنقید کی وجہ کیا ہے؟ کیونکہ ہمارا مقصد تو کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں ہے۔ اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم سب لوگ آزاد ہیں اور جو بھی کرنا چاہیں آزادی سے کرسکتے ہیں اور کم از کم سیف اور میں دونوں ہی اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔