سیلاب متاثرین کو 50 ہزار امداد، 100 یونٹ تک مفت برقی

,

   

طلبہ ، خواتین اور ضعیفوں کو بس اور میٹرو میں مفت سفر کا وعدہ، کانگریس کا انتخابی منشور جاری

حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کیلئے انتخابی منشور جاری کیا جس کے تحت سیلاب کے متاثرین کو فی کس 50 ہزار روپئے امداد، 100 یونٹ سے کم برقی استعمال کرنے والوں کو مفت سربراہی، کورونا علاج کو آروگیہ سری کے تحت شامل کرنے، خواتین، طلبہ ، معذورین اور سینئر سٹیزنس کو میٹرو، ایم ایم ٹی ایس اور آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، پرانے شہر میں میٹرو ریل اور ایم ایم ٹی ایس کی توسیع، ہر مستحق غریب خاندان کو ڈبل بیڈ روم مکان کی فراہمی، غریبوں کیلئے مفت انشورنس، پراپرٹی ٹیکس اور برقی بل کی معافی، ایل آر ایس اور بی آر ایس اسکیم پر مفت عمل آوری، شہر میں 30 ہزار لیٹر پانی کی مفت سربراہی اور شہر میں انفراسٹرکچر کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے منشور جاری کیا۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، انتخابی منشور کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی، ریونت ریڈی، ڈاکٹر گیتا ریڈی، کسم کمار، پونم پربھاکر، جیون ریڈی، جگا ریڈی، سرینواسن کرشنن، بوس راجو، مدھو یاشکی گوڑ، دامودر راج نرسمہا، جی نرنجن، ڈی شراون اور دیگر قائدین موجود تھے۔ انتخابی منشور میں شہر کی ہمہ جہتی ترقی کے علاوہ کرپشن سے پاک نظم و نسق فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سیلاب سے مکانات کو نقصان پر 5 لاکھ روپئے اور جزوی نقصان پر ڈھائی لاکھ روپئے امداد دی جائے گی۔ مہلوکین کے ورثاء کو 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ شہر میں تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ کیلئے پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ کورونا کا مفت علاج فراہم کرنے کیلئے اسے آروگیہ سری کے تحت شامل کرنے کے علاوہ عثمانیہ ، گاندھی، نیلوفر اور دیگر سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ بستی دواخانوں کی تعداد کو 450 تک اضافہ کرتے ہوئے رات 9 بجے تک کھلا رکھنے کی ہدایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی خدمات میں توسیع کرتے ہوئے شہر کی تمام روٹس کو آر ٹی سی سے مربوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غریب خاندان جن کی اراضی موجود ہے انہیں مکانات کی تعمیر کیلئے 8 لاکھ روپئے اور سنگل بیڈ روم مکان کے حامل غریبوں کو زائد بیڈ روم کی تعمیر کیلئے 4 لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ پراپرٹی ٹیکس اور برقی بلز کے سلسلہ میں مختلف رعایتوں کا وعدہ کیا گیا ہے۔ ایکس سرویس مین، جنگی بیوہ اور معذور سپاہیوں کا صدفیصد پراپرٹی ٹیکس معاف کیا جائے گا۔ دھوبی، حجام، کارپینٹرس، سنار پیشوں سے تعلق رکھنے والوں کی دکانات کو پراپرٹی ٹیکس اور برقی بلز سے مکمل استثنیٰ دیا جائے گا۔ ایسی دکانات کی اجازت مفت فراہم کی جائے گی۔ شہر میں ہر گھر کو 30 ہزار لیٹر پانی مفت سربراہ کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ٹی آر ایس پر ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ 2014 سے ایک بھی اہم وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے مجلس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور پرانے شہر میں میٹرو ریل میں توسیع کیلئے مجلس اہم رکاوٹ ہے۔ اوقافی جائیدادوں کے قابضین کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مجلسی قیادت کو اوقافی جائیدادوں سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کیلئے حکومت کو راضی کرنا چاہیئے۔