متاثرین کو آن لائن و آف لائن درخواستیں داخل کرنے کی سہولت
حیدرآباد۔ سیلاب کے دوران بہہ جانے والے تعلیمی صداقت ناموں کی محکمہ تعلیم کی جانب سے مفت اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی سبیتا اندرا ریڈی نے شہر حیدرآباد کے علاقو ںمیں جہاں سیلاب کے سبب طلبہ اور اپنی تعلیم ختم کرنے والے شہریوں کے تعلیمی اسنادات اگر سیلاب کے پانی کی نذر ہوچکے ہیں تو وہ اپنی درخواست آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے داخل کرسکتے ہیں حکومت کی جانب سے ان سے تعلیمی اسنادات کی اجرائی کیلئے کوئی فیس وصول نہیںکی جائے گی۔ انہو ںنے بتایاکہ سکنڈری اسکول سرٹیفیکٹ بورڈ‘ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ تلنگانہ کے علاوہ ریاست کی تمام جامعات کو اس بات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقہ کے شہریوں کی جانب سے تعلیمی اسنادات کی نقولات کیلئے داخل کی جانے والی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بناتے ہوئے ان کی اجرائی عمل میں لائیں اور اس سلسلہ میں کوئی فیس وصول نہ کریں کیونکہ ریاستی حکومت اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سیلاب متاثرین کے تعلیمی اسنادات کی از سر نو اجرائی کیلئے کوئی فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں 10یوم سے جاری بارش کے دوران شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ںمیں بارش کا پانی داخل ہونے کے علاوہ بارش کے پانی کے جمع ہونے کے سبب تباہ کن صورتحال دیکھی جا رہی ہے اور اس تباہ کن صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسز سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے تحت ہی محکمہ تعلیم نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آسان فارم کے ذریعہ درخواست کی وصولی اور بغیر فیس کے اسناد کی اجرائی کا فیصلہ کیا۔