سینئر صحافی ونود دْوا کا دیہانت، آج آخری رسومات

   

نئی دہلی :مشہور و معروف صحافی ونود دْوا کا طویل علالت کے بعد 4 دسمبر کو دیہانت ہوگیا۔ وہ طویل عرصہ سے بیمار تھے اور کچھ دن قبل ہی ان کی موت کی افواہ بھی گشت کررہی تھی۔ اس وقت ان کی بیٹی نے سامنے آ کر ایسی خبروں کی تردید کی تھی۔ آج بیٹی ملکا دْوا نے ہی سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے والد کے دیہانت کی اطلاع ان کے چاہنے والوں کو دی۔ونود دوا کی بیٹی نے آج اپنے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعہ انتقال کی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ آخری رسومات اتوار کو لودی شمشان گھاٹ ، دہلی میں ادا کی جائیں گی۔ ونود کی بیوی کا انتقال اسی سال کورونا سے ہو گیا تھا۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ونود دوا اور ان کی بیوی کورونا سے متاثر ہو گئے تھے۔ دونوں کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی تھی۔ دونوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ 67 سال کے تھے۔ انھوں نے صحافت کے شروعاتی دنوں میں دوردرشن اور این ڈی ٹی وی میں کام کیا تھا۔ 1996 میں وہ ملک کے پہلے الیکٹرانک میڈیا صحافی تھے جنھیں رام ناتھ گوینکا ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ انھیں 2008 میں صحافت کے لیے پدم شری سے بھی نوازا جا چکا ہے۔