حیدرآباد 25 ڈسمبر (یو این آئی) تلنگانہ کانگریس کی رکن اسمبلی سیتکا،ان کے سیکوریٹی اہلکاروں کے دوسرے مقام پر تبادلہ پر اشکبار ہوگئیں۔کئی برسوں سے ان کا اپنے سیکوریٹی اہلکاروں کے ساتھ گہرا لگاو تھا۔حال ہی میں ان کے سیکوریٹی اہلکاروں کا تبادلہ کردیاگیا جس کے بعد وہ جلد ہی نئے مقام پر اپنی ذمہ داری کو سنبھالیں گے ۔سیتکا نے ان کے تین سیکوریٹی اہلکاروں کو تہنیت پیش کی۔اس موقع پر وہ اشکبار ہوگئیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیتکا نے نم آنکھوں کے ساتھ جذباتی انداز میں کہا کہ ان تین سیکوریٹی اہلکاروں نے ان کو حقیقی بہن سمجھا۔وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہتے تھے اور ان کا تحفظ اپنی بہن کی طرح کرتے تھے۔ سیتکا کے ساتھ ساتھ اس موقع پر سیکوریٹی اہلکاروں کی آنکھوں میں بھی آنسو دیکھے گئے۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پرتیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا۔