واشنگٹن ۔ 12 ستمبر (ایجنسیز) امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے 11 ستمبر 2001ء کے حملوں کی 25ویں برسی پر اسامہ بن لادن اور القاعدہ سے متعلق درجنوں خفیہ دستاویزات جاری کر دی ہیں۔ عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اگست 1998ء میں امریکی صدر بل کلنٹن کو بتایا گیا تھا کہ بن لادن امریکی سرزمین، خصوصاً واشنگٹن کو نشانہ بنانے کو ترجیح دیتا ہے، القاعدہ کی جانب سے دھماکہ خیز مواد سے بھرے طیارہ کو کسی امریکی شہر سے ٹکرانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق ڈسمبر 1998ء کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بن لادن کے بعض ساتھی طیارہ اغواء کرنے کی تربیت لے چکے تھے اور نیویارک کے ایک ایئر پورٹ پر سیکوریٹی سے بچنے کی آزمائش بھی کر چکے تھے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ دستاویزات میں بن لادن کے بم بنانے کے لیے تابکار مواد حاصل کرنے اور دھماکہ خیز مواد پر تجربات کا بھی ذکر موجود ہے۔ دستاویزات میں شامل 12 ستمبر 2001ء کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں حملوں کی منصوبہ بندی 2 سال سے جاری تھی اور امریکی دارالحکومت کو بھی نشانہ بنایا جانا منصوبہ میں شامل تھا۔