سی ایم پرجاوانی پروگرام میں عوام کی سہولت کیلئے می سیوا سنٹر

   

ڈاکٹر جی چناریڈی نے افتتاح کیا، پرجاوانی کے تحت 321 درخواستیں وصول

حیدرآباد 4 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پرجا بھون میں عوام کی سہولت کے لئے می سیوا سنٹر کا قیام عمل میں آیا۔ پرجاوانی پروگرام میں مسائل کی پیشکشی اور نمائندگی کے لئے آنے والے شہر اور اضلاع کے عوام کی سہولت کے لئے می سیوا سنٹر قائم کیا گیا۔ چیف منسٹر پرجاوانی پروگرام کے انچارج اور نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چناریڈی نے سنٹر کا افتتاح کیا۔ اسٹیٹ نوڈل آفیسر کے ودیا ساگر اور می سیوا کے ڈائرکٹر روی کرن اِس موقع پر موجود تھے۔ پرجاوانی پروگرام کے تحت عوام کو مسائل کی یکسوئی اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ میں سہولت کے لئے می سیوا سنٹر کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ اندراماں ہاؤزنگ اور دیگر اسکیمات کے لئے درخواست گذار می سیوا سنٹر سے استفادہ کرتے ہوئے آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ پرجاوانی میں تمام بڑے محکمہ جات کے علیحدہ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جہاں عوام رجوع ہوتے ہیں۔ اِسی دوران پرجاوانی کے آج کے سیشن میں جملہ 321 درخواستیں موصول ہوئیں۔ محکمہ پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ کے مسائل پر مبنی 144، ریونیو 51، ہوم 25 اور دیگر محکمہ جات کی 99 درخواستیں موصول ہوئیں۔ مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عارضی ملازمین نے گزشتہ 18 ماہ سے تنخواہوں کی عدم اجرائی کی شکایت کی۔ محکمہ پولیس سے تعلق رکھنے والے عارضی ملازمین کی شکایت پر ڈاکٹر جی چناریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند سے ربط قائم کرتے ہوئے توجہ مبذول کروائی۔ پرجاوانی میں اے سی پی اومیندر، ڈپٹی کمشنر وینکٹیشورلو، این آر آئی مشاورتی بورڈ کے نائب صدرنشین بھیم ریڈی، امریندر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔V/k/i/1
ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ڈیلاس پہونچ گئے
حیدرآباد 4 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کا ڈیلاس پہونچنے پر غیر مقیم ہندوستانیوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ امریکن تلگو اسوسی ایشن کی کانفرنس میں شرکت کے بعد بھٹی وکرامارکا ڈیلاس پہونچے۔ اوورسیز انڈین کانگریس کی قیادت میں بھٹی وکرامارکا کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا ڈیلاس میں 2 دن قیام کرتے ہوئے تلنگانہ کے غیر مقیم ہندوستانی طلبہ سے ملاقات کریں گے۔ بھٹی وکرامارکا غیر مقیم ہندوستانیوں کے علاوہ صنعتکاروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات اور حکومت کی جانب سے انفراسٹرکچر سہولتوں سے واقف کرائیں گے۔V/k/i/1
ڈپٹی چیف منسٹر کی ملاقات ڈیلاس میں کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ کی جارہی ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور این آر آئیز سے اُن کے مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔V/1