نئی دہلی ۔30؍اگست ( ایجنسیز )دہلی میں سی این جی کی قیمت بڑھنے کے بعد ٹیکسی ڈرائیوروں کا غصہ ایک بار پھر سامنے آیا ہے۔ 29 اگست سے سی این جی کی قیمت 3.89 روپے فی کلو بڑھ کر 86.98 روپے ہو گئی ہے جس کے خلاف ’چالک شکتی یونین‘ نے اب دہلی کی سڑکوں پر اترنے کا اعلان کیا ہے۔ یونین کے مطابق 3 ستمبر کو بڑا اور پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ایندھن مسلسل مہنگا ہو رہا ہے لیکن ان کی آمدنی پرانے کرایے کے حساب سے ہی چل رہی ہے۔دہلی میں اس سے قبل سی این جی 83.09 روپے فی کلو مل رہی تھی۔ اب قیمت بڑھ کر 86.98 روپے ہو گئی ہے۔ ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے یہ اضافہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ دن بھر سڑک پر گاڑی چلانے کے دوران سی این جی کی کھپت کافی ہوتی ہے۔
ایسے میں ہر کلو پر بڑھے 3.89 روپے کا براہ راست اثر ان کے روزانہ اور ماہانہ ایندھن کے خرچ پر پڑ رہا ہے۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ پریشانی صرف سی این جی تک محدود نہیں ہے۔ گزشتہ کئی برسوں میں گاڑی کا بیمہ، سروسنگ، اسپیئر پارٹس، ٹائر اور دیگر دیکھ بھال کے اخراجات بھی مسلسل بڑھے ہیں۔
دوسری جانب سٹی ٹیکسی کا کرایہ تقریباً 15 سال سے نہیں بڑھایا گیا ہے۔ یعنی آمدنی پرانے کرایے کے حساب سے ہے، جبکہ گاڑی چلانے کا خرچ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔