سی ای اوہردیش کمار ڈپٹی الیکشن کمشنر مقرر

   

سری نگر : جموں وکشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر ہردیش کمار کو الیکشن کمیشن آف انڈیا میں ڈپٹی الیکشن کمشنر کے طور پر مقررکیا گیا ہے ۔ہردیش کمار اتر پردیش کیڈر کے آئی اے ایس آفیسر امیش سنہا کی جگہ لیں گے ۔بتادیں کہ ہردیش کمار اُس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران 25 لاکھ ووٹران کے اندراج کی بات کئی تھی ۔ نامہ نگار کے سوال کے جواب میں انہوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ غیر مقامی افراد کو بھی شامل کیا جارہا ہے جس کے بعد جموں وکشمیر میں ایک سیاسی بھونچال آگیا ۔ہردیش کمار کے اس بیان کی بھاجپا کو چھوڑ کر سبھی سیاسی پارٹیوں نے سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔ پی اے جی ڈی نے ہردیش کمار کے بیان کے بعد سری نگر اور جموں میں کل جماعتی اجلاس بھی طلب کیا ۔گزشتہ دنوں جموں میں سبھی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ میٹنگ کے دوران گرچہ چیف الیکٹورل آفیسر نے خدشات کو دور کرنے کی ر کوشش کی تاہم سیاسی پارٹیوں کا کہنا ہے کہ غیر مقامی افراد کے اندراج پر جب سی ای او سے وضاحت طلب کرنی چاہئے تو انہوں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی۔