سی بی آئی کو پردیپ سنگھ سے چونکا دینے والے معلومات کا حصول

   

اسکول سروس کمیشن تقرری گھوٹالہ

کلکتہ: اساتذہ کی بھرتی میں بدعنوانی کے معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ گرفتار پردیپ سنگھ سے پوچھ گچھ کے دوران جانچ ایجنسی کو بہت ساری چونکادینے والی معلومات ہاتھ لگی ہے ۔ذرائع کے مطابق پردیپ سنگھ اسکول سروس کمیشن کے ذریعہ نااہل قرار دئیے گئے امیدواروں سے رابطے میں تھا۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق پردیپ نااہل امیدواروں سے رابطہ کرتا تھا۔ اس کے بعد پردیپ نے مبینہ طور پر ایس ایس سی کے سابق مشیر شانتی پرساد سنہا اور دیگر عہدیداروں کو ان کے بارے میں مختلف معلومات بھیجتا تھا۔ شانتی پرساد کے فون میں پردیپ کا نمبر محفوظ ہے ۔ سی بی آئی کے افسران کو ان کے درمیان متعدد فون پر بات چیت کے شواہد بھی ملے ہیں۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق جانچ ایجنسی نے پردیپ سے کئی ای میل آئی ڈیز کا پتہ لگایا ہے ۔ ای میلز میں متعدد رول نمبر ملتے ہیں۔ سی بی آئی اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ رول نمبر کس کوکس کس مقصد کے لیے بھیجے گئے تھے ۔نااہل امیدواروں سے کیا کیا بات کی گئی ہے۔کیا نااہل امیدواروں کو بعد میں نوکریاں ملیں؟ کیا پیسے کا کوئی لین دین ہوا ہے ؟ سی بی آئی افسران تمام سوالات کے جوابات تلاش کر نے کی کوشش کررہے ہیں۔پردیپ کو سی بی آئی نے بدھ 24 اگست کو بھرتی بدعنوانی کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ پردیپ یکم ستمبر تک سی بی آئی کی حراست میں ہے ۔ جمعرات 25 اگست کو تفتیشی ٹیم نے سالٹ لیک میں پردیپ کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ سی بی آئی نے سالٹ لیک جی ڈی 253 کے پتے پر چھاپہ مارا، یہ دعویٰ کیا کہ یہ پردیپ کا دفتر ہے ۔ ستیہ جیت مکھرجی نام کے ایک شخص کو جمعرات کو اس دفتر سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کا دعویٰ ہے کہ وہ پیشے سے ڈرائیور ہے ۔