سی بی آئی کو چدمبرم کی 4 روزہ تحویل حاصل ، 4 گھنٹے پوچھ تاچھ

,

   

نئی دہلی ۔ /22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر اور سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کو آج دہلی کی ایک عدالت نے 4 روز کیلئے سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا اور کہا کہ تحویل میں رکھتے ہوئے ان سے آئی این ایکس میڈیا کیس کے سلسلے میں تفتیش کرنا حق بجانب ہے ۔ کیونکہ ان کے خلاف الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور تحقیقات میں گہرائی کی ضرورت ہے ۔ 73 سالہ چدمبرم جنہیں چہارشنبہ کو دن بھر کی ڈرامہ بازی کے بعد گرفتار کیا گیا اور انہوں نے سی بی آئی ہیڈکوارٹرس کے گراؤنڈ فلور پر سوئٹ نمبر 5 کے گیسٹ ہاؤز میں رات گزاری ، انہیں خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے ان کی تحویل میں تفتیش کیلئے سی بی آئی کے مطالبہ کو درست ٹھہرایا ۔ قبل ازیں صبح میں سی بی آئی نے سابق مرکزی وزیر سے آئی این ایکس کیس سے جڑے بیرونی سرمایہ کاری کلیرنس کے تعلق سے 4 گھنٹے پوچھ تاچھ کی ۔ ان معاملتوں کا تعلق ان کی بحیثیت وزیر فینانس میعاد سے ہے ۔ ان سے پوچھ تاچھ کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جس نے سی بی آئی کو پیر تک ملزم کو تحویل میں لینے کی اجازت دیدی ۔(متعلقہ خبریں اندورنی صفحات پر)

چدمبرم سے پوچھ گچھ،کانگریس نے مودی حکومت کی مذمت کی
نئی دہلی، 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) آئی این ایکس میڈیا سرمایہ کاری معاملہ میں گرفتار سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم سے جمعرات کو دوسرے دور کی پوچھ گچھ شروع کی۔ پوچھ گچھ کے دوران سی بی آئی ہیڈ کوارٹر کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ تفتیشی ایجنسی نے مسٹر چدمبرم سے کل رات بھی پوچھ گچھ کی تھی۔مسٹر چدمبرم کو آج سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اس سے قبل بدھ کو‘ہائی وولٹیج ڈرامہ’ کے درمیان بالآخر مسٹر چدمبرم کو دیر رات سی بی آئی حکام نے گرفتار کر لیا۔سی بی آئی اور ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ) کی گرفتاری سے منگل سے بچ رہے مسٹر چدمبرم رات تقریباً آٹھ بجے اچانک کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے اور پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایکس میڈیا سرمایہ کاری معاملہ میں ان کے یا ان کے خاندان کے کسی ایک رکن کے خلاف کوئی چارج شیٹ دائر نہیں ہے ۔ وہ قانون سے بھاگ نہیں رہے ، بلکہ سیکورٹی مانگ رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ براہ راست اپنی رہائش گاہ پر گئے ، جس کے بعد سی بی آئی افسران کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی۔ رہائش کے گیٹ بند ہونے کی وجہ سے سی بی آئی کے افسران دیوار پھاندکر اندر گئے ۔ پولیس کی ایک ٹیم عقبی دروازے سے گھر کے اندر گئی۔ بعد میں گیٹ کھول دیا گیا۔تقریباً دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد سی بی آئی ٹیم انہیں اپنے ساتھ ہیڈکوارٹر لے گئی۔سی بی آئی ترجمان کے مطابق مسٹر چدمبرم کو عدالت کی جانب سے جاری گرفتاری وارنٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے ۔دریں اثناء کانگریس نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم کی گرفتاری کے سلسلے میں جمعرات کو نریندرمودی حکومت پر جم کر طنز کیا۔کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے کہا،‘‘پچھلے دو دن کے دوران ملک نے جمہوریت کے دن دہارے قتل اور حکومت کے ذریعہ انفرادی طورپر بدلے کی جذبے سے مرکزی جانچ بیورو(سی بی آئی)اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کا استعمال کئے جانے کے معاملے کو دیکھا۔’’انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر چدمبرم کے ساتھ جس طرح کے توہین آمیز ،غلط ارادے اور استحصال کرنے کے لئے منتخب کئے گئے طریقے اختیار کئے گئے ،وہ مودی حکومت کی ذاتی اور سیاسی دشمنی کو ظاہر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا جانچ ایجنسی پانچ سال کی جانچ کے بعد مسٹر چدمبرم کے خلاف کوئی الزام یا معاملہ سامنے نہیں آیا۔اس کے باوجود ان کے خلاف سی بی آئی کی کارروائی کی آڑ میں سیاسی حریفوں کو خاموش کرنے کا صرف طریقہ ہے ۔
واضح رہے کہ بدھ کو چلے ‘ہائی وولٹیج ڈرامے ’ کے درمیان مسٹر چدمبرم کو دیر رات سی بی آئی افسروں نے گرفتار کرلیا۔مسٹر چدمبرم رات تقریباً آٹھ بجے اچانک کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے اور پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی این ایکس میڈیا سرمایہ کاری معاملے میں ان کے یا ان کے خاندان کے کسی دیگر رکن کے خلاف کوئی چارج شیٹ دائر نہیں ہے ۔وہ قانون سے بھاگ نہیں رہے ،بلکہ تحفظ مانگ رہے ہیں۔اس کے بعد وہ سیدھے اپنے گھر گئے جس کے بعد سی بی آئی افسران کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی۔ان کی رہائش گاہ کے گیٹ بند ہونے کی وجہ سے سی بی آئی کے افسران زبردستی اندر داخل ہوئے اور گرفتار کیا۔