ممبئی ، 2 اکتوبر (یو این آئی) سیاسی کشیدگی میں ایک بڑی شدت کے درمیان ابھیجیت دیپکے کی قیادت والی کاکروچ جنتا پارٹی یعنی سی جے پی نے ممبئی کے تاریخی شیواجی پارک میں زبردست احتجاج شروع کیا۔ مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر سنگین نااہلی اور منظم طریقے سے ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے الزامات عائد کیے ۔ جوش و خروش سے بھرپور اس مظاہرے نے شیواجی پارک کو اختلاف اور احتجاج کے ایک سمندر میں تبدیل کردیا۔ مظاہرین نے طنزیہ میمز ترنگے اور بڑے بڑے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر جمہوریت بچاؤ اور غدار گیانو کو جانا ہوگا جیسے نعرے درج تھے ۔سی جے پی نے الیکشن کمیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حالیہ ووٹر فہرستوں سے لاکھوں شہریوں کے نام نکال کر انہیں حق رائے دہی سے محروم کردیا گیا ہے ۔ منتظمین نے الیکشن کمیشن کی قیادت کو نااہل بے ایمان اور جمہوری نظام سے غداری قرار دیا۔اس احتجاج میں ثقافتی اور فلمی دنیا کی کئی نمایاں شخصیات بھی شامل ہوئیں۔ معروف اداکارہ شبانہ اعظمی گلوکار وشال ددلانی اور فلم ساز وشال بھاردواج نے تحریک کی حمایت کے لیے اپنی موجودگی درج کرائی۔ وشال ددلانی نے اپنی براہ راست پرفارمنس سے مجمع میں مزید جوش پیدا کردیا۔مظاہرے کو ایک الگ رنگ دیتے ہوئے شرکا نے مہاتما گاندھی کی تصویر والی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں۔ سی جے پی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے اپنی تقریر کو آئینی اقدار کے گرد مرکوز رکھتے ہوئے کہا کہ گاندھی اس ملک کی روح ہیں امبیڈکر اس کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور نہرو اس کی عقل ہیں۔انتظامیہ کو سخت انتباہ دیتے ہوئے سی جے پی کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ممبئی کا یہ اجتماع محض ایک ٹریلر ہے ۔