اڈیشنل ڈی سی پی یا اے سی پی رتبہ کے عہدیدار نگران ہونگے : کمشنر پولیس
حیدرآباد 3 مارچ ( سیاست نیوز ) نگران کار کیمروںاور ڈرونس کی موثر نگہداشت اور مرمت کیلئے حیدرآباد پولیس نے نیک نئے ونگ کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ یہ ونگ D-CAMO ( ڈرونس اینڈ کیمراس مینٹیننس آرگنائزیشن ) کے نام سے قیام کیا گیا ہے ۔ اس ونگ کے ذریعہ تمام سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونس کی نگہداشت اور مرمت پر توجہ دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ ان کیمروں اور ڈرونس کی تنصیب اور دیگر پراجیکٹس پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ اس ونگ کی ذمہ داری اڈیشنل ڈی سی پی یا اسسٹنٹ کمشنر پولیس رینک کے عہدیدار کو دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ اس ونگ کو چار سب ونگس میں تقسیم کیا جائیگا ۔ سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے آج تمام ڈی سی پیز اور اس سے بڑے رینک کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور پبلک سیفٹی اور سکیوریٹی اور دوسرے انتظامی امور سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا ۔ گرفتاریوں ‘ تحقیقات ‘ ایف ایس ایل رپورٹس اور چارج شیٹس کے عدم ادخال کی وجہ سے تعطل کا شکار جرائم کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ سی وی آنند نے کہا کہ ایک آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کروائی جائے گی تاکہ سی سی ٹی وی کوریج کے فقدان والے مقامات کی نشاندہی کی جائے اور موجودہ کیمروں کے ورکنگ کنڈیشن کا پتہ چلایا جاسکے ۔ اس دوران کمشنر پولیس نے آن لائین امیوزمنٹ لائسنس سسٹم پر مثبت رد عمل پر اظہار طمانیت کیا ۔