سی پی آئی ریاستی قائدین کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

   

کونسل کی ایک نشست الاٹ کرنے کی اپیل، ہائی کمان سے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی قائدین کے وفد نے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ رکن اسمبلی کی قیادت میں آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر کی قیامگاہ پر ہوئی اس ملاقات میں حالیہ گریجویٹ اور ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات اور مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات پر بات چیت کی گئی۔ قائدین نے ٹیچرس اور گریجویٹ زمرہ کے چناؤ میں غیر متوقع نتائج اور ان کی وجوہات کا جائزہ لیا۔ ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں مقامی صورتحال کے اثرانداز ہونے کے امکانات ظاہر کئے جارہے تھے لیکن ریاستی اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کا نتائج پر زیادہ اثر دکھائی دیا۔ سامبا سیوا راؤ نے 2023 اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور سی پی آئی کے درمیان معاہدہ کو یاد دلایا جس کے تحت سی پی آئی کو ایم ایل سی دو نشستیں الاٹ کرنے کا تیقن دیا گیا تھا۔ اب جبکہ ایم ایل سی 5 نشستوں میں 4 پر کانگریس پارٹی کی کامیابی کے امکانات ہیں لہذا سی پی آئی قائدین نے کم از کم ایک نشست الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس سلسلہ میں مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور پارٹی ہائی کمان سے مشاورت کے بعد فیصلہ سے واقف کرانے کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے سی پی آئی کو دو نشستوں کے الاٹمنٹ کے معاہدہ کا اعتراف کیا اور بتایا کہ حکومت کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ کونسل کی 4 نشستیں کانگریس کو حاصل ہورہی ہیں لہذا پارٹی میں دعویداروں کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی ہائی کمان اس بارے میں قطعی فیصلہ کرے گا۔ اس موقع پر سی پی آئی کے قومی کونسل کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی، پی پدما، سی پی آئی قومی کونسل کے رکن پی وینکٹ ریڈی اور سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹریٹ کے رکن ای ٹی نرسمہا موجود تھے۔1