حیدرآباد 31 مئی (راست) سی پی ایم حیدرآباد ساؤتھ ضلع کمیٹی کی جانب سے سیاسی تربیتی اردو کلاسوں کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعی رہنما عبد الستار نے پرنسپل کے طور پر فرائض انجام دیے۔ پارٹی کیڈر کے لیے منعقدہ اس تربیتی پروگرام کا افتتاح ریاستی سیکریٹریٹ کے رکن محمد عباس نے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد عباس اور عبدالستار نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ملک کو نہایت پیچیدہ حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لہٰذا عوام کو ہمت اور حوصلے کے ساتھ کام لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں روز بروز روپیہ کی قدر گرتی جا رہی ہے اور معاشی حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، لیکن اقتدار میں موجود بی جے پی حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے امریکہ کے صدر ٹرمپ کی غلامی میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست سیاست کے ذریعے بی جے پی حکومت ملک اور عوام کو مسائل کے جال میں دھکیل رہی ہے۔ گزشتہ 14 برسوں کی بی جے پی حکومت میں اختیارات کا بے دریغ غلط استعمال جاری ہے۔ پانچ ریاستوں کے انتخابات کے بعد پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عام عوام کی کمر توڑ دی گئی، جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ روز بروز مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، مگر وزیر اعظم مودی عوامی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے بیرونی دوروں میں مصروف ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ سوال کرنے والوں اور ایماندار سیاسی رہنماؤں کو ڈرا دھمکا کر خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ای ڈی، سی بی آئی سمیت دیگر اداروں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ان اردو تربیتی کلاسوں میں پارٹی اراکین محمد کلیم الدین، محمد محبوب علی، سید افتخار الدین، غلام نصیر، محمد انور خان، یونس بیگم اور دیگر نے شرکت کی۔