آکلینڈ ۔ نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔کپتان بابر اعظم اور امام الحق کے زخمی ہوکر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیٹ میچ سے باہر ہونے کے بعد اب آل راؤنڈر شاداب خان بھی زخمی ہونے کے بعد پہلے ٹسٹ میچ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاداب خان کی جگہ لیگ اسپنر ظفر گوہر کواسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی20 میچ کے بعد شاداب خان نے بائیں پیر میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے بعد وہ 26 دسمبر کو شروع ہونے والے ٹسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پی سی بی کے مطابق شاداب خان کا ایم آرآئی اسکین جمعرات کو کروایا جائے گا جس کی رپورٹ آنے کے بعد ان کی زخم کی نوعیت واضح ہو سکے گی۔ آل راؤنڈر شاداب خان نے اب تک پاکستان کی جانب سے 6 ٹسٹ میچز میں نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے 300 رنز بنائے ہیں جبکہ 14 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔شاداب خان نے اپنے ٹسٹ کریر میں انگلینڈ کے خلاف دو جبکہ آئرلینڈ کے خلاف ایک نصف سنچری بھی اسکورکی ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے زخمی ہونے کے بعد شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں ٹیم کی قیادت کی تھی۔ اس سیریز میں پاکستان کو 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بابر اعظم کی عدم دستیابی کے باعث وکٹ کیپر بیٹسمن محمد رضوان پہلے ٹسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ماؤنٹ مانگوئی میں 26 دسمبر کو شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ پاکستانی سکواڈ میں کپتان محمد رضوان، سرفراز احمد، عابد علی، اظہر علی، شان مسعود، فواد عالم، حارث سہیل شامل ہیں۔ ظفر گوہر، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، نسیم شاہ، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹسٹ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مانگنوئی جبکہ دوسرا اورآخری ٹسٹ 3 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم، امام الحق، اور شاداب خان کی دستیابی کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔