بیروت۔ 2 اکٹوبر (ایجنسیز) لبنانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے شامی علاقہ سے لبنانی کے اندرونی علاقوں کی طرف آنے والے تقریباً 245 کلوگرام انتہائی دھماکہ خیز ٹی این ٹی مواد اور 4 بموں کی اسمگلنگ کی کارروائی کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ یہ شمالی اور مشرقی سرحدوں پر نگرانی اور مانیٹرنگ کی کارروائیوں کے نتیجہ میں ہوا۔ ضبط شدہ سامان میں 8 عدد بم ڈیٹونیٹرز اور ڈیٹونیٹرز کے مخصوص الیکٹرک وائرز بھی شامل تھے۔فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جیسے ہی فوج کا ایک گشتی دستہ موقع پر پہنچا اسمگلر شام کے علاقہ کی طرف فرار ہو گئے۔ ضبط شدہ سامان متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے تعاقب اور ہماہنگی جاری ہے۔2024 کے آخر میں بشار الاسد کے اقتدار کا تختہ الٹنے کے بعد سے لبنانی اور شامی دونوں فریق اپنی 330 کلومیٹر طویل مشترکہ سرحد کے ذریعہ اسمگلنگ کو روکنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
اس اسمگلنگ میں ہتھیار اور نشہ آور کپٹاگون کی گولیاں شامل ہیں۔ دمشق گاہے بگاہے ہتھیاروں کی کھیپ ضبط کرنے کا اعلان کرتا ہے جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے فائدے کیلئے لبنان کے راستے میں تھیں۔ بدلے میں لبنانی حکام ان کے ساتھ کسی بھی تعلق کی تردید کرتے ہیں۔