شامی کیمپ میں 117 بچوں کی موت، کیمپ کی حالت ناگفتہ بہ

   

دمشق۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) شام کے شمال مشرق میں مہاجرین کے لئے بنائے گئے ایک کیمپ میں ناگفتہ بہ انسانی حالات کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ میں 117 بچوں کی موت ہو گئی ہے ۔انسانی حقوق کی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ شام کے ایک کیمپ میں سخت انسانی حالات کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ کے دوران 117 بچوں کی موت ہو گئی جن میں سے زیادہ تر 12 سال سے کم عمر کے تھے ۔ اس نے بتایا کہ ان میں سے 60 فیصد بچوں کی موت گزشتہ 19 دن کے اندر واقع ہوئی ہے ۔اقوام متحدہ شام کے الہول کیمپ میں نامساعد انسانی حالات کے بارے میں کئی بیان جاری کر چکا ہے۔ اس نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ کیمپ میں دسمبر 2018 سے انسانی بحران کی صورتحال ہے ۔ اس کیمپ میں تقریبا 67000 لوگ رہتے ہیں جن میں سے 90 فیصد باغوز سے جان بچا کر بھاگی خواتین اور بچے ہیں۔ باغوز شام میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے قبضے والا آخری شہر ہے ۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کیمپ میں گنجائش سے زیادہ لوگ رہ رہے ہیں اور یہ رہنے کے لائق نہیں ہے ۔ لوگ انتہائی خراب موسم میں بھی زمین پر سونے کیلئے مجبور ہیں جس سے ان کی صحت پر سنگین خطرہ منڈلا رہا ہے ۔