برسلز، 16 نومبر (ایجنسیز) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے کہا ہے کہ جنگ سے تباہ حال شام کو استحکام کی بحالی اور اداروں کی تعمیر نو کے لیے یورپی یونین کی فوری اور بھرپور مدد درکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شام میں سیاسی اور اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری اور مضبوط سرکاری اداروں کا قیام خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ کاجا کالاس نے یہ بات برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ماہانہ اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شام کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سرمایہ کاری کے مواقع، ادارہ جاتی اصلاحات اور تعمیر نوکے امور کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شام کو اپنے اداروں کی تعمیر اور اصلاحات کے لیے بڑی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین اس مقصد کے لیے تعاون بڑھانا چاہتی ہے، کیونکہ شام کا استحکام نہ صرف یورپ بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔کاجا کالاس نے شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے معاملے پر بھی بات کی۔ ان کے مطابق یورپی یونین چاہتی ہے کہ شامی پناہ گزین اپنے ملک واپس جائیں اور شام کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کریں، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ ان کی واپسی کے لیے محفوظ اور سازگار حالات فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ایسے حالات پیدا کرنے کے لیے یورپ اور شامی حکام مل کر بہت کچھ کرسکتے ہیں۔