شاہراہوں پر دھان سکھانے پر مقدمات کا انتباہ

   

یلاریڈی /16 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شاہراہوں پر اور سڑکوں پر دھان سکھانے پر کسانوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا پولیس نے انتباہ دیا ۔ یلاریڈی پولیس نے کسانوں کے ساتھ بات کرکے انہیں شعور دلایا کہ دھان کی فصلوں کو سکھانے شاہراہوں کا استعمال کرنے سے آئے دن غیر معمولی حادثات پیش آرہے ہیں ۔ جس میں کئی لوگوں کی جانیں بھی جاچکی ہیں ۔ رات کے وقتوں میں تو بائیک رانوں کو ان فصلوں سے خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ اس لئے اس مرتبہ شاہراہوں کو دھان سکھانے کیلئے استعمال نہ کرنے پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے تاکہ تمام گاڑی رانوں کی حفاظت کی جاسکے ۔ اس موقع پر اے ایس آئی نرسنگ راؤ اور دوسرے موجود تھے ۔ منڈل لنگم پیٹ سب انسپکٹر شنکر نے بھی منڈل کے مختلف علاقوں میں عوام کو کسانوں کو شعور دلانے دھان کو سڑکوں پر سکھانے سے پیدا ہونے والے خطرات سے واقف کروایا ۔ پرملا علاقہ میں سڑک پر دھان سکھانے والے ایک کسان کو پولیس نے کونسلنگ کرکے اسے سمجھایا کہ ایسا کرنے سے گاڑی رانوں کو مشکلات کے علاوہ حادثات کا خطرہ لگا رہتا ہے ۔ پولیس نے فوری سڑکوں سے دھان ہٹانے کی صلاح دی ۔ واضح رہے کہ شاہرہوں پر دھان پھیلانے سے بائیک رانوں کو گذشتہ سال جان گنواتے دیکھا ہے ۔ اور کئی حادثات پیش آئے جس میں شدید زخمی ہوئے گاڑی راں افراد عرصہ تک مشکل میں رہے ۔